Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

کورونا بحران: بھارتی میڈیا حکومتی سینسر شپ کے نشانے پر

بھارتی حکام ایک بار پھر ایسی سوشل میڈیا پوسٹس کو ہٹا رہے ہیں جن...
شائع 29 اپريل 2021 10:39am

بھارتی حکام ایک بار پھر ایسی سوشل میڈیا پوسٹس کو ہٹا رہے ہیں جن میں حکومت پر نکتہ چینی کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت صحت کے بحران کی سنگینی کو دنیا کی نگاہوں سے چھپانے کے لیے یہ اقدام اٹھا رہی ہے۔

بھارت سرکار نے ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام جیسی سوشل میڈیا سائٹس کو حکم دیا ہے کہ وہ اس مواد کو ہٹا دیں جن میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے ملک گیر سطح پر پیدا شدہ ہیلتھ کیئر کی سنگین صورت حال کے حوالے سے حکومت پر نکتہ چینی کی گئی ہے۔

بھارت میں اس وقت کورونا انفیکشن اور اموات کا ہر روز ایک نیا ریکارڈ بن رہا ہے۔ ہسپتالوں میں گنجائش نہیں ہے، آکسیجن کی قلت ہے اور کووڈ سے ہلاک ہونے والوں کی آخری رسومات ادا کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔شمشان گھاٹ اور قبرستان اپنی صلاحیت سے زیادہ کام کر رہے ہیں۔

ٹوئٹر نے جو ٹوئٹس ہٹائے ہیں ان میں سے بیشتر میں میڈیکل سپلائی، ہسپتالوں میں بستر اور آکسیجن فراہمی میں ناکامی کی وجہ سے حکومت پر تنقید کی گئی تھی۔ پریشان حال لوگ اپنی بات کہنے اور مدد کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہے ہیں۔ لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ جو پوسٹس ہٹائے گئے ہیں ان میں غلط یا گمراہ کن اطلاعات دی گئی تھیں اور ان کی وجہ سے لوگوں میں خوف پیدا ہو رہا تھا۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا، ”یہ فیصلہ کورونا وبا کے خلاف جنگ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس طرح کے پوسٹس سے عوامی نظم و نسق کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔"

فروری میں بھی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک قانونی نوٹس کے بعد ٹوئٹر نے پانچ سو سے زائد ایسے اکاونٹس بند کردیے تھے جو متنازع زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک سے متعلق تھے۔

'معلومات کو کنٹرول کرنے‘ کی کوشش

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت کے خلاف کسی بھی طرح کی نکتہ چینی کو برداشت نہیں کرتی ہے اور رائے عامہ پر کنٹرول کرنا چاہتی ہے۔

میڈیا ناقد اور بھارت کے پہلے میڈیا واچ ڈاگ 'دی ہوٹ‘ کی ایڈیٹر سیوانتی نینان نے کہا، ”پہلے حکومت اطلاعات دینے والوں کو نشانہ بناتی تھی لیکن اب وہ پلیٹ فارم کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔ اس وبا کی رپورٹنگ میڈیا کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔"

میڈیا کو درپیش چیلنجز

گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارتی میڈیا میں ایک نئی صف بندی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر نکتہ چینی کو بھارت کے امیج کو خراب کرنے کی کوشش کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

میڈیا اور حکومت کے درمیان تعلقات کی ایک نئی تشریح کرتے ہوئے حکومت پچھلے چند برسوں کے دوران حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے میڈیا اداروں کو ملک دشمن کے طور پر پیش کر رہی ہے۔ دوسری طرف حکومتی پالیسیوں کی حمایت کرنے والے میڈیا اداروں کو حکومت کا تحفظ اور حمایت حاصل ہے۔ مثال کے طور پر جب دہلی میں ہسپتال آکسیجن کی کمی سے پریشان تھے تو بعض'حکومت نواز‘ ٹی وی چینلوں نے اس کے لیے دہلی کی سرحدوں پر دھرنا دینے والے کسانوں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے محاصرے کی وجہ سے آکسیجن شہر میں نہیں پہنچ پا رہی ہے۔

ایک سینیئر سرکاری عہدیدار کے مطابق حکومت کے میڈیا مشیر مخصوص ٹی وی اینکروں کو مباحثے کے لیے ممکنہ موضوعات بھیجتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ”متعدد ٹی وی چینلوں نے ایسے موضوعات پر بحث کی ہے کہ کیا بھارت مخالف لابی ملک کے امیج کو خراب کرنے کی سازش کر رہی ہے۔"

کووڈ کے کوریج پر بھی پابندی

بات صرف سوشل میڈیا پوسٹس ہٹانے تک ہی محدود نہیں ہے، حکومت کی نکتہ چینی کرنے والوں کو کئی دوسرے خطرات بھی لاحق ہیں۔

اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادیتیہ ناتھ نے گزشتہ ہفتے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے کہ ہسپتالوں میں آکسیجن نہیں ہے جیسی 'افواہیں‘ پھیلانے والوں پر سیاہ قانون نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی اور ان کے جائیداد اور اثاثوں کو ضبط کر لیا جائے گا۔

لکھنؤ میں ایک صحافی نے کہا کہ یہ حقیقی صورت حال کی رپورٹنگ کرنے والے نامہ نگاروں کے لیے محض دھمکی نہیں ہے بلکہ یہ ایک انتہائی مشکل صورت حال ہے۔

ایک غیر ملکی میڈیا گروپ کے لیے کام کرنے والے صحافی نے کہا کہ انہیں بھی حکومت کی طرف سے سخت دباؤ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہیں کہا جارہا ہے کہ ایسی خبریں نہ دیں جو دنیا بھر میں میڈیا کی سرخیاں بن جائیں۔ انہوں نے بتایا ”جب ہم نے یہ خبر دی کہ وبا کی وجہ سے اموات کے اعدادو شمار چھپائے جارہے ہیں تو ہمیں حکومت کے کئی اہم افراد کی طرف سے فون آنے شروع ہوگئے۔"

ایک دیگر غیرملکی سرکاری براڈکاسٹر کے انڈیا بیورو چیف نے کہا ”گوکہ براہ راست کوئی دباؤ یا حکم تو نہیں ملا ہے کیونکہ اس سے حکومت کے امیج پر الٹا اثر پڑے گا لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ ٹرول کرنے والوں کا منظم گروپ ہماری خبروں کو سوشل میڈیاجھوٹا ثابت کرنے کی مہم چلاتا ہے۔"

سیونتی نینان کا کہنا ہے کہ حکومت کوسب سے زیادہ پریشانی غیرملکی میڈیا سے ہے کیونکہ ان پر اس کاکوئی کنٹرول نہیں ہے۔

بھارت میں میڈیا کی صورت حال

کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے میں حکومت کے اقدامات کی نکتہ چینی کرنے والے کئی صحافیوں کو گزشتہ برس بھی ہراساں کیا گیا تھا۔ بعض کو جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔

سرکاری حکام نے وبا کے دوران سرکاری بدعنوانی اور ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے والے بعض صحافیوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیا تھا۔

خیال رہے کہ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈر نامی بین الاقوامی تنظیم نے گزشتہ ہفتے اپنی رپورٹ میں بھارت کو 'خراب‘ صحافت والے ملکوں کی فہرست میں شامل کیا ہے اور اسے صحافیوں کے لیے دنیا کے سب سے خطرناک ملکوں میں قرار دیا ہے۔

دریں اثنا ورلڈ پریس فریڈم انڈکس 2021 میں بھارت مسلسل دوسرے برس بھی 180ملکوں کی فہرست میں 142ویں مقام پر ہے۔

Free Press

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div