Aaj News

منگل, اپريل 23, 2024  
15 Shawwal 1445  

سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کرگئے

راولپنڈی: پاکستان کے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی ...
اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2020 11:19pm

راولپنڈی: سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کرگئے، اُن کی نواسی سینیٹر ثناء جمالی نے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ سابق وزیراعظم کو روجھان جمالی میں سپردخاک کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی انتقال کرگئے، وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ اُنہیں اتوار کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔

میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کو بلوچستان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لارنس کالج مری سے حاصل کی۔ انہوں نے ایچیسن کالج لاہورسے ای لیول کیا، 1965 میں پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں ماسٹرز کیا اور 70 کی دہائی میں سیاست میں قدم رکھا۔

سنہ 1977 میں پہلی بار پیپلزپارٹی کے ٹکٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نششت پر کامیابی حاصل کی، 2 دفعہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہے۔ 1988 میں وہ پہلی بار وزیراعلیٰ بنے جبکہ 1996 میں اُنہیں ایک بار پھر وزیراعلیٰ کا منصب ملا۔ 1999 میں مشرف دور میں ظفر اللہ خان جمالی نے مسلم لیگ ق لیگ میں شمولیت اختیار کی۔ 2002 کے جنرل الیکشن میں کامیابی کے بعد ظفراللہ جمالی پاکستان کے وزیراعظم بنے۔ 23 نومبر 2002 کو ظفراللہ جمالی نے پاکستان کے 13 ویں وزیراعظم کا حلف اٹھایا اور 2004 میں بطور وزیراعظم عہدے سے مستعفی ہوئے۔

میر طفر اللہ جمالی کے انتقال پر چیئرمین سینیٹ، وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر خارجہ شاہ محمود، اسپیکر اسد قیصر اور سیاسی و مذہبی قیادت نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div