Aaj News

جمعرات, اپريل 18, 2024  
09 Shawwal 1445  

عوام نے امریکی صدر کی مخصوص وضع قطع میں ایک اہم تبدیلی کو بھانپ لیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تازہ ترین پریس کانفرنس کے بعد...
شائع 15 نومبر 2020 09:09am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تازہ ترین پریس کانفرنس کے بعد انٹرنیٹ پر سوالات کی بھرمار ہو گئی ہے لیکن یہ وہ سوالات نہیں کہ جن کے بارے میں ممکنہ طور پر آپ سوچ رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری سے متعلق ایک اپ ڈیٹ کے دوران بہت سے ناظرین نے جلد ہی صدر کی مخصوص وضع قطع میں ایک اہم تبدیلی کو بھانپ لیا اور وہ تھے ان کے بال۔

عوام اور صحافیوں دونوں نے بیک وقت نشاندہی کی کہ صدر کے بال مخصوص انداز میں چمک دار سنہرے دکھائی دینے کی بجائے سفیدی مائل اور چمک سے عاری نظر آ رہے تھے۔

74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ جو سرخی مائل رنگت اور ہمیشہ سنہرے نظر آنے والے بالوں کی بدولت جانے جاتے ہیں، بڑے نیوز نیٹ ورکس کی جانب سے صدارتی الیکشن میں جوبائیڈن کی کامیابی کے اعلان کے بعد ہفتے کو پہلی بار عوامی سطح پر اظہار خیال کے لیے باہر نکلے تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی صحافی نے صدر کی تقریر کے حوالے سے ٹوئٹر پر لکھا: ’پوری تقریر میں مجھے جسم سے جدا ہونے کے تجربے کا احساس ہوتا ہے۔ بالوں کا رنگ تبدیل ہو چکا ہے اور نمایاں طور زیادہ سفید دکھائی دیتے ہیں، لیکن آواز اور باتوں کی رفتار وہی ہے۔‘

سیاسی امور کی ماہر اور مبصر اینانواروکارڈینس نے لکھا: ’کیا یہ میرا ٹی وی ہے، ٹرمپ کے بال آج معمول کے مطابق زرد رنگ کے دکھائی نہیں دے رہے۔‘

بہت سے لوگوں نے صدر کے حوالے سے جلد ہی میمز بھی بنا ڈالیں اور کچھ نے مختلف خیالات کا اظہار کیا کہ صدر نے اپنی وضع قطع میں اچانک تبدیلی کیوں کی۔

رینٹ میڈیا کے شریک بانی اور ایڈیٹر انچیف احمد بابا نے لکھا: ’ایسا لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بالوں کے رنگ نے شکست تسلیم کرلی ہے۔‘

برطانوی وزیراعظم بورس جونسن کے پیروڈی اکاؤنٹ سے مذاق کیا گیا: ’یا تو ڈونلڈ ٹرمپ کے بالوں کو رنگ کرنے والے نے کشتی سے چھلانگ لگا دی یا وہ بتدریج جوبائیڈن کا انداز اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ہم یہ سب نہیں دیکھ رہے۔‘

ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا: ’ایسا لگتا ہے کہ آج فور سیزنز ٹوٹل لینڈ سکیپنگ (پھولوں کی امریکی مارکیٹ) نے ٹرمپ کے بالوں کو رنگ کیا۔‘

دیگر افراد نے ٹرمپ کے بالوں کے رنگ کی تبدیلی کی یہ وضاحت کی ہے کہ اس سے الیکشن کے ماحول میں ان کا دل ٹوٹنے کا پتہ چلتا ہے۔ چونکہ ٹرمپ نے ابھی نومنتخب صدر جو بائیڈن کی کامیابی کو تسلیم کرنا ہے، لہذا انہوں نے سوئنگ ریاستوں میں پوری شدت کے ساتھ قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں کہا: ’ڈونلڈٹرمپ کے بال اتنی جلدی سفید کیسے ہوگئے؟ برا ہو شکست کا جس نے انہیں بری طرح متاثر کیا ہے۔ حیرت کی کوئی بات نہیں وہ چھپ رہے ہیں۔‘

ایک اور صارف نے کہا: ’لگتا ہے کہ انتخاب میں شکست نے ٹرمپ کے بالوں کو خوف سے سفید کر دیا۔‘

حقیقت یہ ہے کہ اس سے پہلے رواں برس مارچ میں کورونا وائرس پر ہونے والی ایک پریس بریفنگ کے دوران بھی ٹرمپ بظاہر بجھے بجھے دکھائی دیے تھے لیکن الیکشن کے تناظر میں انداز کی تبدیلی معمول سے زیادہ توجہ حاصل کرتی دکھائی دیتی ہے۔

ٹرمپ طویل عرصے سے اپنے حلیے کے معاملے میں حساس مانے جاتے ہیں۔ ماضی میں وہ کہہ چکے ہیں: ’بالوں کوبالکل ٹھیک ہونا چاہیے۔‘

ریئلٹی ٹی وی گیم شو ’دی اپرنٹس‘کے لیے اپنے بالوں کے سٹائل کے اخراجات کی مد میں 70 ہزار ڈالر کا بل دینے پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div