Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

جسم سے نقصان دہ مواد کا اخراج کیسے؟

انسانی صحت کے لیے ضروری ہے کہ جسم میں سے نقصان دہ مواد کو اکثر...
اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2020 11:44am

انسانی صحت کے لیے ضروری ہے کہ جسم میں سے نقصان دہ مواد کو اکثر اوقات خارج کیا جاتا رہے۔

جسم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے "ڈیٹوکس" یعنی جسم میں سے نقصان دہ مواد کے اثر کو زائل کرنے کا عمل انتہائی اہم ہے۔

اس زہریلے یا نقصان دہ مواد کو "ٹاکسنز" کہا جاتا ہے جو ایسے مادے سے بنے ہوتے ہیں جو جسم پر منفی انداز میں اثر انداز ہوتے ہیں۔

قدررتی طریقے اپناتے ہوئے بھی ٹاکسنز کو جسم سے خارج کیا جا سکتا ہے۔ ڈیٹوکس کا عمل ایک یا دو دن کرنے سے مکمل نہیں ہو جاتا بلکہ صحت مندانہ عادتیں اپنانے سے جسم میں زہریلے مواد کو جمع ہونے سے روکا جا سکتا ہے۔

عام طور پر ڈیٹوکس کے عمل کے حوالے سے یہ خیال بھی کیا جاتا ہے کہ اس سے وزن کم ہونے میں مدد ملتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں۔

جسم کو ڈیٹوکس کرنے سے تمام اعضا کی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے اور چہرے کی جلد بھی صحت مند ہوتی ہے۔ چند عادتیں اپنا کر جسم کو زہریلے مواد سے بچایا جا سکتا ہے۔

سونے کا شیڈول تبدیل کریں

انسانی صحت کا نیند سے بہت گہرا تعلق ہے۔ جسم کی بہتر کارکردگی کے لیے ضروری ہے کہ مناسب گھنٹوں کی نیند لی جائے۔ اس سے نہ صرف جسم کو توانائی ملتی ہے بلکہ ڈیٹوکس کا عمل قدرتی طور پر ممکن ہو سکے گا۔

پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال

جسم میں سے نقصان دہ مواد خارج کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے۔ پانی نہ صرف چہرے کی جلد بلکہ انسان کی مجموعی صحت کے لیے بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔ پانی کی بوتل ساتھ رکنے سے مناسب مقدار میں پینے میں مدد مل سکتی ہے۔

چینی کا استعمال کم کریں

چینی کا زیادہ استعمال جسم پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس سے نہ صرف وزن میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ کئی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ جسم کو ڈیٹوکس کرنے کے لیے اپنی خوراک میں چینی، نمک، پراسیسڈ غذا اور جنک فوڈ کا استعمال کم سے کم کر دیں۔

خوراک میں اینٹی آکسیڈنٹس شامل کریں

اینٹی آکسیڈینٹس دراصل فری ریڈیکلز کے خلاف لڑتے ہیں۔ فری ریڈیکلز ان مادوں کو کہتے ہیں جو انسانی جسم کے خلیات پر حملہ کرتے ہیں۔ ایسی خوراک استعمال کرنی چاہیے جن میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوں، جیسے بیریز، انگور، پیاز، لہسن، آم، پالک، شملہ مرچ اور ہربل چائے وغیرہ۔

ورزش کریں

باقاعدگی سے ورزش کرنا مجموعی صحت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ ورزش کرنے سے بھی انسانی جسم میں سے نقصان دہ مواد خارج کرنے میں مدد ملتی ہے جس سے کئی قسم کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div