Aaj News

ہفتہ, اپريل 20, 2024  
11 Shawwal 1445  

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک پاکستان کا مستقبل

ملتان: پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے...
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2020 09:41pm

ملتان: پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے کورونا وائرس کی وباء کے باوجود کرکٹرز کو صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع دینے کیلئے اپنے مکمل ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا اعلان کیا ہے۔ 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہورہا ہے جہاں پاکستان کی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

آئندہ تین سالوں میں آئی سی سی کے تین وائٹ بال ایونٹس کے انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروایا جانے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک نوجوان کرکٹرز اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

یہ ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کیلئے زمبابوے کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم میں شمولیت کے ساتھ ساتھ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کیلئے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں شامل کون کونسے کھلاڑی پاکستان کا مستقبل ثابت ہوسکتے ہیں، ذیل میں فہرست ملاحظہ کریں۔

عاکف جاوید، بلوچستان

enter image description here
enter image description here

بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے اب تک 13 میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کپ میں انہوں نے بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

وہ گزشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم اور رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ عاکف جاوید ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں، وہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت کرک سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان بولر کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کریں گے۔

فیصل اقبال نے مزید کہا کہ وہ عاکف جاوید کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع دینا چاہتے ہیں، اس دوران عمر گل اور عمید آصف کی صورت میں دو تجربہ کار بولرز کی اسکواڈ میں موجودگی بھی عاکف جاوید کیلئے مفید ثابت ہوگی۔

اعظم خان، سندھ

enter image description here
enter image description here

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 124 اعشاریہ 61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 162 رنز بنائے ہیں۔ جارح مزاج بیٹسمین کے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

بائیس سالہ اعظم خان کی صلاحیتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین کو نیٹ میں پریکٹس کرتا دیکھ رہے ہیں، اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

باسط علی نے مزید کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعظم خان کی صلاحیتوں کو بہترین انداز میں استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔

قاسم اکرم، سنٹرل پنجاب

enter image description here
enter image description here

سترہ سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں شیڈول نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گے۔

قاسم اکرم نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں متاثر کن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی۔ انہوں نے ایونٹ کے 5 میچوں میں 46 اعشاریہ 50 کی اوسط سے 93 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔

سنٹرل پنجاب کے ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق قاسم اکرم ایک باصلاحیت کرکٹر ہیں اور انہیں آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ 2020 میں متاثر کن کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایک پریشر گیم ہے جو کہ قاسم اکرم جیسے باصلاحیت کرکٹرز کیلئے خود کو منوانے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔

شاہد انور نے مزید کہا کہ وہ پرامید ہیں قاسم اکرم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران دباؤ پر قابو پاکر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

محمد محسن، خیبرپختونخوا

enter image description here
enter image description here

سوات سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ آل راؤنڈر محمد محسن اب تک 15 میچوں میں 115 اعشاریہ 38 کے اسٹرائیک ریٹ سے 120 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران وہ 14 مرتبہ حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھا چکے ہیں۔ رواں سال پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کا حصہ بننے والے محمد محسن نے پشاور زلمی کی نمائندگی کی۔

خیبرپختونخوا کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ محمد محسن ایک ٹیلنٹڈ کرکٹر ہیں جو قدرتی طور پر ایک آل راؤنڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ محمد محسن کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے خصوصی محنت کررہے ہیں۔

عبدالرزاق نے مزید کہا کہ لمبے قد کی وجہ سے محمد محسن کو دیگر اسپنرز پر سبقت حاصل ہے، لیجنڈری لیگ اسپنر مشتاق احمد بھی بولنگ میں بہتری لانے کی غرض سے محمد محسن کی معاونت کررہے ہیں۔

عبدالرزاق نے یہ بھی کہا کہ وہ محمد محسن جیسے باصلاحیت آل راؤنڈر کو جلد قومی کرکٹ ٹیم میں دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

ذیشان اشرف، سدرن پنجاب

enter image description here
enter image description here

پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیگ میچز میں 2 نصف سنچریاں بناکر شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والے اٹھائیس سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف 30 ستمبر سے شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں حریف ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے ذیشان اشرف اب تک 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 538 رنز بناچکے ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 120 اعشاریہ 62 رہا، وکٹ کیپر بیٹسمین اب تک اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں 57 چوکے اور 15 چھکے جڑ چکے ہیں۔

سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ ذیشان اشرف بہت باصلاحیت اور شاندار کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹاپ پرفارمر، ذیشان اشرف کو فرسٹ الیون میں شامل کیا گیا۔

عبدالرحمٰن نے مزید کہا کہ ذیشان اشرف کے پاس وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو کسی بھی اچھے کھلاڑی کے پاس ہوتی ہیں، پی ایس ایل 2020 میں شرکت کی وجہ سے ان کے تجربے میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں مزید مؤثر اور بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

ذیشان ملک، ناردرن

enter image description here
enter image description here

چکوال سے تعلق رکھنے والے ناردرن کے 23 سالہ اوپنر ذیشان ملک اب تک 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک نصف سنچری کی بدولت تقریباً 23 کی اوسط سے 158 رنز بناچکے ہیں۔

دائیں ہاتھ کے بلے باز نے ذیشان ملک نے گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی 21-2020 میں سدرن پنجاب کے خلاف 216 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، ہیڈ کوچ محمد وسیم پرامید ہیں کہ ذیشان ملک محدود طرز کی کرکٹ میں بھی بھرپور ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دفاعی چیمپئن ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ذیشان ملک ایک متاثر کن کھلاڑی ہیں، ان کا شمار ان چند بلے بازوں میں ہوتا ہے جن کی بیٹنگ دیکھنے کا لطف آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذیشان ملک بہت عمدہ کٹ شاٹ کھیلتے ہیں۔

محمد وسیم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ سال ذیشان ملک کو محدود طرز کی کرکٹ میں فرسٹ الیون کی نمائندگی کا موقع نہیں مل سکا مگر رواں سال ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں انہیں نوجوان اوپنر سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div