Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

پی سی بی نے زمبابوے کے خلاف سیریز کا شیڈول جاری کردیا

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی...
شائع 23 ستمبر 2020 05:03pm

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا۔ قومی ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمبابوے کے خلاف 3 میچوں کی سیریز سے کرے گی۔

پی سی بی کے مطابق 3 ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا۔ ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر 2 میچز یکم اور 3 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کریں گی جہاں وہ 7، 8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔

اس ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی، سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو 4 ہوم اور 4 اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد اب زمبابوے کے خلاف سیریزسے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نے بہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا ہے۔

ذاکر خان نے مزید کہا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے باعث یہ سیریز پاکستان کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سپرلیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منظم حکمت عملی کے تحت زمبابوے کے خلاف میچز ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کروارہے ہیں کیونکہ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ بھی ان ہی 2 وینیوز پر کھیلا جارہا ہے، لہٰذا جب تک زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئے گی ہمیں ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکیور ہوٹلز، کھلاڑیوں کی آمد ورفت سمیت گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں موجود تمام افراد کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوویڈ 19 پروٹوکولز کے نفاذ کا وسیع تجربہ ہوچکا ہوگا۔

زمبابوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کیلئے اپنا 32 رکنی اسکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے۔

کوویڈ19 پروٹوکولز کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کے 48 گھنٹے بعد پاکستان کیلئے اڑان بھرے گی۔ ان کے اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا۔

جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ 19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہوں گے۔

زمباوے کے خلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جائے گی۔

20 اکتوبر: زمباوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد

30 اکتوبر: پہلا ایک روزہ میچ، ملتان

یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ میچ، ملتان

3 نومبر: تیسرا ایک روزہ میچ، ملتان

4 نومبر:اسلام آباد روانگی

7 نومبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، راولپنڈی

8 نومبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، راولپنڈی

10 نومبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ، راولپنڈی

11 نومبر: زمبابوے کرکٹ ٹیم کی واپس ہرارے روانگی

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div