Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

14 سالہ سید عماد علی قومی اسکریبل چیمپئن بن گئے

کراچی: حیران کن صلاحیتوں کے مالک 14 سالہ سید عماد علی قومی ...
شائع 21 ستمبر 2020 05:48pm

کراچی: حیران کن صلاحیتوں کے مالک 14 سالہ سید عماد علی قومی اسکریبل چیمپئن بن گئے۔ قومی چیمپئن شپ کی تاریخ کا بہترین کم بیک کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کی وباء کے باعث 6 ماہ سے تعطل کا شکار اسکریبل کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔ پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی میں تین روزہ گلیڈی ایٹرز پاکستان اسکریبل (ماسٹرز) چیمپیئن شپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ایونٹ میں ملک بھر سے 44 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

8 مرتبہ کے قومی چیمپیئن وسیم کھتری کو 2 روز تک واضح برتری حاصل تھی اور ان کی فتح کے امکانات روشن تھے۔ 20 گیمز کے بعد عماد علی، وسیم کھتری سے 4 گیمز پیچھے تھے اور ٹائٹل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہوچکے تھے لیکن 14 سالہ جونئیر ورلڈ چیمپیئن نے حیران کن کم بیک کرتے ہوئے اپنے استاد وسیم کھتری کو مسلسل 4 گیمز میں شکست دے کرٹائٹل لے اڑے۔

سید عماد علی نے 27 میں سے 19 گیمز جیتے اور ان کی جیت کا اسپریڈ اسکور 1469 رہا۔ نویں ٹائٹل کیلئے پرعزم وسیم کھتری کو دوسری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

وسیم کھتری نے بھی 19 گیمز جیتے لیکن ان کا اسپریڈ اسکور 1210 رہا۔ حماد ہادی خان نے 18 گیمز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ دفاعی چیمپیئن حشام ہادی خان ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہے اور چوتھے نمبر پر رہے۔

چیمپیئن شپ میں حصہ لینے والے تمام سینئیر پلیئرز بشمول سابق قومی چیمپیئنز کو نوجوان پلیئرز سے مقابلے میں سخت چیلنج کا سامنا رہا۔

9 سال کے بلال اشعر تمام سینئر پلیئرز سے آگے رہے، مہمان خصوصی ہارون قاسم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div