Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
10 Shawwal 1445  

سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین پر عائد سب سے بڑی پابندی ختم

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2019 06:25am
فائل فوٹو فائل فوٹو

مکّہ مکرمہ: سعودی عرب میں حج سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس سیزن کے آغاز پر سعودی کابینہ نے ایسا فیصلہ کیا ہے جس نے دُنیا بھر کے مسلمانوں کے دِل جیت لیے ہیں ۔

سعودی کابینہ کے حالیہ فیصلے کے مطابق عمرہ پر آنے والوں کیلئے تین مخصوص شہروں کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے کی پابندی ہٹا دی گئی ہے۔

سعودی کابینہ کا اجلاس سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی رہائش گاہ قصر السلام میں ہوا جس کی صدارت شاہ سلمان نے کی۔ اس سے قبل عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کیلئے آنے والوں کو صرف مکّہ، مدینہ اور جدہ میں قیام کی اجازت تھی۔

معتمرین ان کے علاوہ دیگر شہروں میں نہیں جا سکتے تھے ۔ اگر کوئی اس پابندی کی خلاف ورزی کرتا تو اُس کے خلاف کارروائی کی جاتی اور قید کی سزا بھی بھُگتنا پڑتی ۔

واضح رہے کہ رواں سال کے عمرہ سیزن کے دوران اب تک 80 لاکھ افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی ہے۔ اس وقت حج سیزن کی وجہ سے عمرہ کی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ حج سیزن کے اختتام پر 15 اگست سے ایک بار پھر عمرہ سیزن کا آغاز ہو جائے گا ۔ پاکستانیوں کی جانب سے عمرہ کے دوران دیگر شہروں میں جانے کی اجازت کو بہت بڑی خوش خبری قرار دیا گیا ہے۔ ماضی میں معتمرین کو جو ویزہ جاری کیا جاتا تھا، وہ صرف جدہ، مکّہ اور مدینہ کے شہروں کیلئے کارآمد ہوتا تھا۔ ان شہروں کے علاوہ اگر عازمین کسی اور شہر میں جانے کی کوشش کرتے تھے تو بھی اُن کی گرفتاری عمل میں آ جاتی تھی۔

گزشتہ برس بھی پاکستان سے آئے سینکڑوں معتمرین بغیر پرمٹ کے طائف شہر چلے گئے تھے جنہیں سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کر لیا تھا ۔ بعد میں پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div