Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

زائرہ وسیم کے فلم انڈسٹری چھوڑنے کے معاملہ میں نیا موڑ

شائع 01 جولائ 2019 10:19am

Untitled-1

مقبوضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی اداکارہ زائرہ وسیم کے فلم انڈسٹری چھوڑنے والے بیان سے سبھی حیران ہیں، لیکن اس درمیان ایک ایسی خبر سامنے آگئی ہے کہ اب سمجھنا مشکل ہورہا ہے کہ آخر معاملہ کیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے نے جب زائرہ وسیم سے بات کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے بعد جب ان کے منیجر سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کہا کہ زائرہ وسیم کا اکاونٹ ہیک ہوا تھا اور ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے کہ کس نے زائرہ کا اکاونٹ ہیک کرکے یہ پوسٹ لکھی ہے۔

منیجر کے مطابق اس معاملہ کی شکایت سوشل میڈیا ٹیم سے کردی گئی ہے، لیکن ابھی تک پولیس یا سائبر سیل میں کوئی شکایت نہیں کی گئی ہے۔

اسی سلسلہ میں بالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ روینہ نے ٹویٹر پر لکھا کہ وہ لوگ جنہوں نے صرف دو فلموں میں کام کیا ہے، اس انڈسٹری کے تئیں اچھا محسوس نہیں کرتے ہیں کہ انہیں کیا کیا ملا ہے ۔ امید کیجئے کہ وہ پرامن طریقہ سے یہاں سے نکل جائیں اور اپنے الٹے راستوں پر چلنے والی سوچ کو خود تک ہی محدود رکھیں ۔

 

واضح رہے کہ اداکارہ نے فیس بک پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ اپنی زندگی میں ایمان اور برکت کھو رہی تھیں اور اُن کا اپنے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا جس کے باعث انہوں نے فلموں میں کام نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پوسٹ میں انہوں نےاپنے فیصلےکےلیے دلیل کے طور پر قرآن پاک کی متعدد آیات، رسول اکرم حضرت محمد ﷺ اورخلیفہ دوم حضرت عمرکے اقوال کا سہارا لیا ہے۔

زائرہ وسیم نے اپنے پوسٹ میں لکھا کہ پانچ سال پہلے میں نے ایک فیصلہ کیا تھا جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لئے بدل دی۔ جیسے ہی میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تو میرے لئے بے تحاشہ مقبولیت کے دروازے کھل گئے۔ میں لوگوں کی توجہات کا مرکز بننے لگی۔ مجھے نوجوانوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا گیا۔

انہوں نے مزیدلکھا آج جب میں نے پانچ سال مکمل کئے تو میں اس بات کا اعتراف کرنا چاہوں گی کہ میں اپنے کام سے خوش نہیں ہوں۔ بے شک یہ فیلڈ میرے لئے بے پناہ پیار، حمایت اور ستائش کا موجب بنی لیکن یہ فیلڈ مجھے جہالت کی طرف لے جارہی تھی اور میں آہستہ آہستہ اپنا ایمان کھو رہی تھی۔

فلم دنگل کی اداکارہ  نے کہاچونکہ میں ایک ایسے ماحول میں کام کررہی تھی جہاں میرے ایمان کے ساتھ مسلسل دخل اندازی ہورہی تھی میرا میرے مذہب کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ گیا تھا۔

زائرہ وسیم نےیہ بھی لکھا کہ  میں اپنے آپ کو دلاسہ  دے رہی تھی کہ میں جو کچھ کررہی ہوں وہ ٹھیک ہے اور اس راہ کا میری ذاتی زندگی پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑرہا تھا۔ لیکن میں اپنی زندگی میں برکت کھونے لگی۔

انہوں نے فلمی دنیا کو الوداع کہتے ہوئے لکھاکہ بالی وڈ میں میرا سفر تھکاوٹ سے بھرا پڑا رہا۔ میں اپنی روح سے لڑ رہی تھی۔ لہٰذا آج میں اپنی فیلڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ نےاپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران تین بالی ووڈ فلموں میں کام کیا جن میں دنگل، سیکرٹ سپر اسٹار اور دی اسکائی از پنک (جو ابھی ریلیز ہونا باقی ہے) شامل ہیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div